مسافروں کا قتل، بزدلانہ اور شکست خوردہ ذہنیت ہے۔ صادق سنجرانی

610

چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کوئٹہ کے علاقہ اورماڑہ کے کوسٹل ہائی وے پر مسافروں کو قتل کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک کے امن و امان کو سبوتاژ کر کے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔

انہوں نے مسلح افراد کی بربریت کو بزدلانہ کارروائی اور شکست خوردہ ذہنیت قرار دیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی ہرسازش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا ۔دہشت گردی کا ملک سے خاتمہ اولین ترجیح ہے۔دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

چیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی نے 14 قیمتی جانوں کے زیاں پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہدا ء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا ، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹرسید شبلی فراز ،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق نے بھی مسافروں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی ۔