کوئٹہ میں کارروائی‘ ساڑھے 5کروڑ کی ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد

134

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کوئٹہ میں منی ایکسچینج کمپنی کے دفتر پر چھاپا مار کر منی لانڈرنگ ، حوالہ و ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ساڑھے 5کروڑ روپے سے زاید کی نقد رقم اور چیکس برآمد کیے ہیں۔ ملزمان مصنوعی بحران پیدا کرکے مہنگے داموں ڈالر فروخت کررہے تھے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے الطاف حسین نے کوئٹہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر شفیق الرحمان، ڈپٹی ڈائریکٹر ارسلان اور دیگر کے ساتھ ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایف آئی اے بینکنگ سرکل نے کوئٹہ کے قندھاری بازار پر بخاری سینٹرمیں واقع کارروان ایکسچینج کمپنی کے دفتر پر چھاپا مارا جہاں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 90لاکھ روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی جس میں 58 ہزار امریکی ڈالر، 34 ہزار سعودی ریال، 41 ہزار یو اے ای درہم کے علاوہ افغانی، ایرانی ، بھارتی ، اورآسٹریلوی سمیت مختلف ممالک کی کرنسی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان ڈالر خرید کر اسے مارکیٹ میں لانے کے بجائے چھپاتے تھے تاکہ مصنوعی بحران پیدا کیا جاسکے اور اس کے بعد مہنگے دامو ں ڈالر فروخت کررہے تھے اس سے ڈالر کی قیمت بھی اوپن مارکیٹ میں بڑ ھ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ شواہد ملے ہیں کہ یہ رقم منی لانڈرنگ اور حوالہ و ہنڈی کے کاروبار میں استعمال ہورہی تھی۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان حبیب اللہ اور حاجی شاہ ولی کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کمپنی کے 18دفاتر تھے جن میں سے 6 بند ہوچکے ہیں۔ بی کیٹگری لائسنس کے حامل بارہ دفاتر کو مجموعی طور پر 60لاکھ روپے کی نقد رقم رکھنے کی اجازت تھی مگر ملزمان کے صرف ایک ہی دفتر سے یہ ساری رقم اور چیکس برآمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنانشل ٹاسک فورس کے پیش نظر منی لانڈرنگ اور حوالہ و ہنڈی کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور صرف رواں سال 3 ماہ کے دوران ایف آئی اے بلوچستان نے 17 کارروائیاں کی ہیں جس میں کروڑوں روپے کی رقم برآمد کرکے درجنوں ملزمان کو گرفتار کیاگیاہے۔ یہ ملک کے باقی تمام حصوں سے زیادہ کارروائیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ رقم کسی سیاستدان یا کرپشن کی نہیں اور نہ ہی ہمیں اس طرح کی رقم دہشت گردی میں استعمال ہونے کے کوئی شواہد ملے ہیں۔ یہ رقم تاجروں کی ہے جو ٹیکس بچانے کیلئے اس طرح کے حربے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے نئی بھرتیاں کی جارہی ہیں لوگوں کو شکایات ہے تو وہ ایف آئی اے سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق بھی ایف آئی اے دیگر اداروں کے ساتھ ملکر مؤثر کارروائیاں کررہی ہے اور اس کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ میں کمی آئی ہے۔پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے سے انسانی اسمگلنگ میں مزید کمی آئے گی۔