مسیحی برادری آج گڈ فرائیڈے کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے ، اس سلسلے میں ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پاکستان بھر میں گڈ فرائڈے اور آنے والے ایسٹر تہوار کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکومتی سطح پر پولیس اور انتظامیہ کوگرجا گھروں اور مسیحی آبادی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اسنیپ چیکنگ جارہی ہے
اتوار 21 مئی کو ایسٹر کا تہوار بھی مذہبی عقیدت سے منایا جائے گا۔
ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے، اس سے قبل 40روزے رکھے جاتے ہیں، ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المیسح بھی کہا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ عیسائی عقیدے کے مطابق ’گڈ فرائیڈے‘ وہ دن ہے جب حضرت عیسیٰؑ کو فلسطین کے شہر بیت المقدس میں مصلوب کیا گیا تھا۔
مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت کی یاد کو گڈ فرائیڈے کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔ اس دن کی جانے والی خصوصی دعائیہ تقاریب کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہوتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے روایتی جلوس میں شرکت کے لیے ہزاروں عیسائی عقیدت مند بیت المقدس کے قدیم شہر میں جمع ہوتے ہیں۔
شرکائے جلوس پتھر سے بنی شہر کی قدیم و تنگ گلیوں سے گزرتے ہیں۔ عیسائی روایات میں گڈ فرائیڈے کے اس جلوس کے روایتی راستوں کو ویا ڈولوروسا یعنی ’دکھوں کا راستہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔