بارشوں کے باعث گندم کی تیار فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے

531

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈکے ڈویژن صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث گندم کی تیار فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ،کسانوں کی تیار فصل ژالہ باری کا شکار ہو کر مکمل طو ر پر تباہ ہوگئی ہے ،حکومت نقصان کا تخمینہ لگوا کر کاشتکاروں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب سمیت ملک کے دیگرعلاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے اور گندم کی فصلوں میں پانی کے کھڑے ہونے‘ ژالہ باری سے سٹے کے ٹوٹنے سے پیداوار میں واضح کمی واقع ہونے کا قوی اندیشہ ہے۔حالیہ بارش سے گندم کی کٹائی کا عمل جہاں متاثر ہوا ہے وہاں دوسری جانب گندم میں کمی آ جانے سے کاشتکاروں کو مالی لحاظ سے کافی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔لہٰذا حکومت کاشتکاروں کی بھرپور امدادکااعلان کرے۔انہوں نے کہاکہ گندم ایسی بابرکت فصل ہے کہ گھر میں موجود ہونے سے مہنگائی کا احساس نہیں ہوتا حکومت سال بھر کا غلہ عوام کیلیے ذخیرہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کے دل اس بارش پر خون کے آنسو رو رہے تھے،کچھ لوگ اس موسم کو انجوائے کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔ یقیناً بارش باران رحمت ہوتی ہے لیکن یہ بارش اللہ کی ہم سے شدید ناراضگی کا اظہار اور عذاب ہے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں متعدد بار بے وقت کی بارشوں‘ زلزلے اور دیگر قدرتی آفات کا واضح ذکر ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار حضرات حالیہ بارش کے بعد محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے گندم کی فصل کو محفوظ بنانے کیلیے اقدامات کریں ۔بارش کا پانی فصلوں سے فوری طور پر نکال دیں‘ ہارویسٹر کمبائن مشین سے گندم کی کٹائی سے گریز کریں اور بالخصوص مویشی پال حضرات بھوسے کیلئے تھریشر سے حاصل کردہ بھوسہ حاصل کریں کیونکہ کمبائن مشین سے کٹائی کے بعد ایک خاص قسم کی مشین سے جو بھوسہ حاصل ہوتا ہے اس میں مٹی کا عنصر واضح شامل ہوتا ہے اور وہ جانوروں کو کھانے کیلیے مضر صحت ہوتا ہے جس سے جانوروں کو سانس اور گل گھوٹوں کی بیماریاں لاحق ہو رہی ہیں اور اب تو حالیہ بارش کے بعد اور زیادہ خطرناک صورتحال ہو گئی ہے۔ لہٰذا جانور پال کر کاشتکار و دیگر افراد تھریشر کے ذریعے بھوسہ حاصل کریں اور جانوروں کی صحت کو یقینی بنائیں۔