ڈپٹی میئر کے الیکشن کے نتائج میں دھاندلی کا انکشاف،

224

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)ڈپٹی میئر کے الیکشن کے نتائج میں دھاندلی کا انکشاف ہوا ہے۔اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ نتائج میں مجموعی طور پر 300 ووٹرز بتائے گئے جس میں 227مرد اور 73 خواتین شامل تھیں لیکن جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق 183 مردوں اور 89 خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے۔

جو مجموعی طور پر272ووٹ بنتے ہیں، الیکشن میں مبینہ دھاندلی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کیونکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 73 ہے تو 89 خواتین نے کس طرح ووٹ کاسٹ کئے اور وہ کون سی خواتین ہیں جنہوں ووٹ کاسٹ کیا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے موقف حاصل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن رابطہ نہیں ہوسکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی میئر کے انتخاب میں 300 میں سے 281 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار سید ارشد حسن 194 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے کرم اللہ وقاصی 78ووٹ لے کر دوسری پوزیشن پر رہے جبکہ 9 ووٹ مسترد ہوئے تھے۔

اس حوالے بلدیہ عظمی کراچی میں جما عت اسلامی کے پا رلیمانی لیڈر جنید مکاتی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیا ر کیا ہے کہ سٹی کونسل میں خواتین اراکین کی تعداد73ہے تو پھر ڈپٹی میئر کے انتخاب میں89خواتین نے ووٹ کس طرح کاسٹ کئے ہے،

ایم کیوایم نے ایک مرتبہ پھر اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی کے انتخاب میں دھاندلی کی ہے،الیکشن کمیشن فوری طور پر اسکا نوٹس لے اور اسکی تحقیقات کرائے کہ خواتین کے 73ووٹ میں سے89ووٹ کس طرح کاسٹ ہو ئے،میں اس حوالے سے میں سٹی کو نسل میں بھی بات کروں گا،

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار سٹی کونسل میں ایم کیوایم کے اراکین نے ڈپٹی میئر کے انتخاب میں 27ووٹ نہیں دیئے ہیں،انہوں نے کہا کہ سٹی کونسل میں خوف کے ماحول کے باوجو اراکین نے میئر کراچی پر عدم اعتماد کا اظہا ر کیا ہے،

نتا ئج سے ثابت ہو گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف ایم کیو ایم کے 27اراکین کھل کر سامنے آگئے ہیں،

انہوں نے کہا کہ جو بات ہم سٹی کونسل میں گزشتہ 3سال سے کہہ رہے تھے آج ہمارے موقف کی تائید خود ایم کیو ایم کے اراکین نے بھی کردی ہے سٹی کو نسل میں ایم کیو ایم کے اراکین بھی میئر کراچی سے77ارب روپے کا حساب مانگ رہے ہے کہ میئر کراچی بتائیں کے انہوں نے 77ارب روپے کہا خرچ کیے ہیں کراچی میں کہی ترقیاتی کام نظر نہیں آ رہے ہیں۔