رازی اسپتال راولپنڈی نے عوامی خدمت کی قابل قدرمثال قائم کی ہے

91

راولپنڈی( وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر میاں عبد الشکور نے کہا ہے کہ رازی اسپتال راولپنڈی نے تھوڑے ہی عرصے میں عوام کی خدمت کی قابل قدر اور لائق تقلیدمثال قائم کی ہے۔علاقے کے عوام معیاری اور سستے علاج معالجہ کے لیے بلا جھجک رازی اسپتال کا رُخ کرتے ہیں۔ہر شعبہ کے ماہر ڈاکٹر اور مستند عملہ عوام کی خدمت کے لئے کوشاں رہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رازی اسپتال کے فنڈ ریزنگ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نامور مزاحیہ شاعر پروفیسر انور مسعود نے مخصوص انداز میں اپنے کلام سے شرکا ء کو محظوظ کیا۔جبکہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی رضوان احمد ٗایم ایس ڈاکٹر عثمان ظفر ٗقائم مقام امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹر کٹ راولپنڈی چوہدری منیراحمد اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ میاں عبدالشکور نے رازی اسپتال کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی جگہ کے حصول اور تعمیراتی کام کو جس احسن انداز میں آگے بڑھا یا گیا ہے۔ یہ شبانہ روز کی محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صدقہ جاریہ میں جن مخیر افراد نے اپنا حصہ ڈالا ہے ٗ اللہ تعالیٰ ہی ان کو بہترین اجر سے نوازیں گے۔ دُکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑا نیکی کا کام ہے۔ میاں عبدالشکور نے کہا کہ رازی اسپتال ٗ الخدمت فاؤنڈیشن کا خطہ پوٹھوارکے عوام کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے ۔ عوام اس سے بھر پور استفادہ کر سکتے ہیں ۔