رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے

97

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیرمیاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ اوردیگرنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد سے قبل ہی اس وقت مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے اور حکومتی نااہلی کی وجہ سے ناجائز منافع خور سرگرم ہو چکے ہیں، دال، چینی، سبزی، پھلوں سمیت ضروریات زندگی اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں خوفناک اضافے نے حکومتی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نام کی کوئی چیز کہیں پر بھی نظر نہیں آ رہی ہے ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر کے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، حکومت رمضان المبارک میں لاکھوں روپے کی سبسڈی دیتی ہے، اس کا چیک اینڈ بیلنس ہونا بھی ضروری ہے کہ عوام کو اس سبسڈی کا براہ راست کوئی فائدہ بھی ہورہا ہے یا نہیں، رمضان المبارک میں روز مرہ کے استعمال کی اشیا پر ٹیکس کی چھوٹ ہونی چاہیے۔