قومی حکومت کے لیے جماعتوں کو یکجا کیا جارہا ہے ‘حافظ حسین

95

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قومی حکومت تشکیل دینے کے لیے مختلف جماعتوں کے لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے، بیلنس برابر اور کچھ کمی کو پورا کرنے کے لیے لوگوں کو نکالا اور لگایا جارہا ہے، کپتان کے کھلاڑی امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی آؤٹ ہورہے ہیں پوری ٹیم فالو آن کی طرف جارہی ہے، اسد عمر اور فواد چودھری کے استعفوں سے حالات سنبھلنے والے نہیں اس لیے عمران خان کا استعفا ضروری ہوچکا ہے کپتان اگر حالات کو تبدیل کرنا چاہتے تو استعفادیدیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ قومی حکومت نما چیز تشکیل دی جارہی ہے، جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اس لیے حفیظ شیخ ،زبیدہ جلال سمیت دیگر جماعتوں کے لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے کیوں کہ کچھ کمی تھی جس کو پورا کرنے کے لیے نکالنے اور لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ کابینہ کی تبدیلیوں میں اتحادیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جارہی کیوں کہ اگراتحادی چڑ گئے تو بات بگڑ جائے گی، انہوں نے کہا کہ عمران خان چیخ چیخ کر کہتے ہیں کہ ان کا قصور کیا ہے ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے قوم کو سبز باغ دکھا کر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا 8ماہ کے اندر اقتصادی حالات بدسے بدتر ہوچکے ہیں یہی ان کا قصور ہے۔