وزیراعظم عمران خان نے تہران میں ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔
تہران آمد پر وزیراعظم عمران خان کوصدارتی محل سعدآباد پیلس میں شاندار گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،پاکستانی وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانےبھی بجائے گئے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وفد میں شیریں مزاری، علی زیدی، عبدالرزاق داود اور زلفی بخاری سمیت دیگروفاقی وزرا شامل ہیں۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔ایرانی کابینہ کے اراکین نے بھی وزیراعظم عمران خان سے مصافحہ کیا۔
خیال رہے وزیراعظم گزشتہ روز 2 روزہ پہلےسرکاری دورے پر ایران پہنچے تھے جہاں ایرانی وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نےپرتپاک استقبال کیا تھا۔
واضح رہے تہران آمد سے قبل وزیراعظم عمران خان نےوفد کے ہمراہ مشہد میں امام رضا کے روضے پر حاضری دی،نوافل بھی ادا کئے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی تھیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق تہران میں وزیراعظم کے مذاکراتی ایجنڈے میں بارڈر سیکیورٹی کے مسائل سر فہرست ہوں گے۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے مابین سرحد پر سیکیورٹی کی صورتحال کے باعث کبھی کبھارتعلقات کشیدہ ہو جاتے ہیں۔