شہر میں کھلے مین ہول اور مین سڑک کے اطراف میں موجود ٹوٹے ہوئے نالے انسانی زندگیوں کیلئے سنگین خطرہ بن گئے ہیں ،

392

کراچی(رپو رٹ:منیر عقیل انصاری) شہر میں کھلے مین ہول اور مین سڑک کے اطراف میں موجود ٹوٹے ہوئے نالے انسانی زندگیوں کیلئے سنگین خطرہ بن گئے ہیں ،

اہم سڑکوں اور اندرونی گلیوں میں مین ہول سے ڈھکن غائب کرلیے گئے ہیں جس سے رات کے وقت مین ہول میں گاڑیاں گرنے سے کئی شہری اور بچے زخمی ہو گئے ہیں، 

تفصیلات کے مطابق شہر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ناقص کارکردگی کے باعث مرکزی سڑکوں کے علاوہ اندرونی گلیوں سے گٹر کے ڈھکن غائب ہیں ، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد اور کئی علاقوں میں مرکزی سڑکوں اور اندرونی گلیوں میں گٹر کے مین ہول کھلے پڑے ہیں، 

شہریوں کی جانب سے نشاندہی کے باوجود بلدیاتی ادارے گٹروں پر ڈھکن لگانے کا بندوبست نہیں کرسکی ہے ، گلستان جوہر بلاک 8میں نجی اسکول کے سامنے گٹر کے کئی مین ہول کھلے پڑے ہیں۔جس میں اسکول کے بچوں کے گرنے کا خطرہ ہے، 

نجی اسکول کی انتظامیہ نے متعدد بار بلدیاتی اداروں کی توجہ کھلے ہوئے مین ہول کی جانب مبذول کرائی ہے لیکن تاحال گٹروں پر ڈھکن لگانے کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے جس سے کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے اور اسکول کے بچے ان مین ہولز میں گرسکتے ہیں،

اسی طرح ،گلستان جوہر بلاک 13 پرانی فرنیچر مارکیٹ کے سامنے سڑک کے ساتھ گزرنے والا بڑا نالہ کئی مقامات سے بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور کسی وقت بھی کوئی جان لیوہ حادثہ پیش آسکتا ہے کوئی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل سوار گاڑی سمیت نالے میں گرکر جان سے ہاتھ دھوسکتا ہے،متعلقہ بلدیاتی ادارے کسی برے وقت کا انتظار کر ر ہے ہیں ۔