پولیو ویکسین : بچوں سے بےہوشی کی ایکٹنگ کروانے والا شخص گرفتار

525

پشاور پولیس نے پولیو ویکسین سے بچوں کی طبیعت بگڑنے کا ڈرامہ رچانے والے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ نذر گل نامی شخص کو پولیو مہم کے خلاف سازش کا ڈرامہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نذر گل حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں اسکول کے بچوں سے ڈرامے کرواتا رہا اور صحت مند بچوں کو بیڈ پر لٹا کر ان سے بے ہوش ہونے کی ایکٹنگ بھی کرائی گئی۔ 
سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص صحت مند بچوں کو طبیعت خراب ہونے کی اداکاری کرنے کو کہہ رہا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اس شخص کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 
انسداد پولیو مہم کے ترجمان بابرعطا نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ نذر گل نامی مذکورہ شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور افواہیں پھیلانے والے دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔


وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام خان نے بھی ہنگامی پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دس ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات کرے گی او سازش کے تحت شہر بھر میں جھوٹی خبریں اور افواہیں پھیلانے والے ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز پشاور کے علاقے بڈھ بیر ماشوخیل میں پولیو کے قطرے پینے کے باعث سو سے زائد بچوں کی حالت غیر ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کے بعد مشتعل افراد نے بنیادی صحت مرکز کو نذرِ آتش کر دیا تھا۔ زائد المیاد قطرے پلانے کی افواہوں کے باعث سینکڑوں والدین بچوں کو لے کر اسپتال پہنچ گئے تھے اور کئی گھنٹوں تک اسپتالوں کی جانب جانے والے راستے رش کی وجہ سے جام ہو کر رہ گئے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دو ہزار سے زائد بچوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں لایا گیا ۔