بھارتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ،مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کا اعلان،انتخابی ڈراما دراصل فوجی مشق ہے،علی گیلانی

454

سرینگر (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی ڈرامہ جمہوری عمل کے بجائے محض ایک فوجی مشق ہے، نام نہاد الیکشن کو بھارت جبری قبضے کے حق میں جواز کے طور پر پیش کرکے عالمی برادری کو گمراہ کررہا ہے، غیر جمہوری عمل حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا، 10لاکھ بھارتی افواج اور نیم فوجی دستوں کی نگرانی میں انتخابی ڈرامے کی کوئی وقعت نہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ سید علی گیلانی نے آج (منگل) کوحلقہ انتخاب اسلام آباد میں نام نہاد پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ اور حلقے کے پولنگ والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم حصولِ حقِ خودارادیت کے لیے عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کررہی ہے اور ان قربانیوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ عوام ہر اس عمل سے دور رہیں جو آزادی کے سفر کو طویل بنائے۔ دوسری جانب سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے نئی دلی میں غیرقانونی طور پر نظربند یاسین ملک کے ساتھ بھارتی غیر انسانی سلوک کے خلاف منگل 23 اپریل کو ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ این آئی اے ہیڈ کوارٹر نے یاسین ملک کو بھوک ہڑتال کرنے پر مجبور کیا ہے اور آج بھوک ہڑتال بارہویں روز میں داخل ہوچکی ہے۔ علیل رہنما کی زندگی خطرے میں ہے اور بھارتی ایجنسیاں ان کی زندگی کے ساتھ کھیل کررہی ہیں۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ کشتواڑہ قصبے میں رات کے وقت کا کرفیو مسلسل 13ویں روز بھی جاری رہا۔