پاکستان ایران کا صحت کے شعبے میں مشترکہ اعلامیہ جاری

313

ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان ایران کا صحت کے شعبے میں مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے پر پاکستان کی جانب سے وزیرقومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا جبکہ ایران کی جانب سے وزیر صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سعید ناماکی نے دستخط کئے۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور ایران کے صدر حسن روحانی بھی موجود تھے۔
وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اعلامیہ کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے عوام کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ اس کا مقصد بنیادی صحت کے شعبے میں بہتری لانا، عوا م تک صحت کی رسائی ممکن بنانا ہے۔ دونوں ملکوں میں صحت کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا ۔
ڈاکٹر ظفر مرزانے یہ بھی کہا کہ اس کے تحت دونوں ممالک متعدی امراض کانگو بخار، ٹی بی، ایڈز، ملیریا اور ڈینگی وغیرہ کی بین السرحدی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔ پاکستان اور ایران کے عوام مضبوط تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ بنیادی صحت کے نظام کو مزید مربوط بنایا جائے گا تاکہ دونوں ملکوں کے عوام تک صحت کی سہولیات کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔