کراچی (اسٹا ف رپورٹر)شہر سے تجاوزات کا خاتمہ خواب بن گیا فٹ پاتھوں پر تجاوزات مافیا اور پولیس کا قبضہ تاحال برقرار ہے۔بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے شہر بھر تجاوزات کے خاتمے کا مشن جاری ہے تاہم شہر کے فٹ پاتھوں پر قائم پولیس چوکیاں تاحال برقرار ہے،
سندھ پولیس کو مہلت پر مہلت دینے پر بھی غیرقانونی چوکیاں خالی تک نہیں کی گئی،سندھ پولیس نے عدالتی احکامات اور کے ایم سی نوٹسز نظر انداز کردئیے۔پی آئی ڈی سی اور زینب مارکیٹ پر ٹریفک چوکیاں تاحال قائم ہیں،آئی آئی چندریگر روڈ پولیس چوکی بھی ختم نہیں کی جاسکی۔
کے ایم سی نے تیرہ مارچ کو حتمی نوٹسز جاری کرکے 7 روز کی مہلت دی تھی، حتمی نوٹس کو ایک ماہ گزر گیا، چوکیاں مسمار نہیں کی گئی۔کے ایم سی نے 21 اور 25 جنوری کو پہلی مرتبہ نوٹسز جاری کرکے تین روز کہ مہلت دی تھی جبکہ سندھ پولیس کے عدم تعاون پر انسداد تجاوزات کا چوکیوں کے خلاف کاروائی کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹ نے غیرقانونی چوکیاں ختم کرنے کیلئے اعلی پولیس افسران کو مراسلہ بھی ارسال کیا ہے، اعلی پولیس افسران نے ازخود چوکیاں ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔