صارفین کیلئے کے الیکٹرک کی موبائل ایپلی کیشن متعارف

192

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کے-الیکٹرک نے ’کے ای لائیو‘ (KE Live) کے نام سے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی، جس کے ذریعے صارفین متعدد سہولیات حاصل کرسکیں گے۔

کے الیکٹرک کے اعلامیے کے مطابق صارف ایپ کے ذریعے بلنگ کی تفصیلات، گزشتہ ریکارڈ کے ساتھ، ڈپلیکیٹ بل ڈاؤن لوڈ کرنا، یونٹ کے استعمال کا گراف، بجلی کے بارے میں براہ راست معلومات، بجلی چوری کی شکایت درج کرانا جیسی سہولیات حاصل کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ بتایا گیا کہ ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین اپنے نزدیکی کسٹمر کیئر سینٹر کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرسکیں گے۔

یہ ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور سمیت ایپل اسٹور پر بھی دستیاب ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور یہ ایپلی کیشن کے الیکٹرک کا صارفین کی خدمت کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو ظاہر کرتی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کے الیکٹرک نے صارفین کی درخواست پر عمل کرنے اور شکایتوں کو دور کرنے کے لیے 30 کسٹمر کیئر قائم کیے ہیں جس کے علاوہ کے الیکٹرک کا کال سینٹر بھی ہے جہاں صارفین کی بذریعہ ٹیلی فون بھی خدمت کی جاتی ہے‘۔

اس کے علاقہ کے الیکٹرک موبائل وین کے ذریعے 24 گھنٹے گھر کے دروازوں تک بھی خدمت کے لیے حاضر رہتے ہیں۔