ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن کی تقریب حلف برداری،

274

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن کی تقریب حلف برداری جمعرات کی سہ پہر بارہ دری گلشن جناح(سابقہ پولو گراؤنڈ) میں منعقد ہوئی جس میں میئر کراچی وسیم اختر نے ان سے حلف لیا،

اس موقع پر چیئرمین ضلع غربی اظہار احمد خان، چیئرمین ضلع شرقی معید انور، سٹی کونسل میں مختلف جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر اور مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین، سٹی کونسل کے ارکان، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ صلاح الدین، کے ایم سی افسران اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں،

میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ سید ارشد حسن کی بطور ڈپٹی میئر کامیابی کراچی کے عوام کی طرف سے موجودہ بلدیاتی قیادت پر اعتماد کا ایک اور ثبوت ہے اور یہ ہماری طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے،

جس کا مقصد کراچی کے مسائل حل کرنا اور شہریوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں سہولت مہیا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے تحت ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں اور ہر منتخب نمائندے اور کارکن کی نیت یہی ہے کہ جہاں تک ہوسکے شہر کی بہتری کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کیا جائے، ہم نے نیک نیتی سے جدوجہد کی اور صبر کا دامن نہیں چھوڑا جس سے ہمیں ایک اور بڑی کامیابی ملی اور ہمارا ڈپٹی میئر بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیاب ہوا،

یہ ہماری جدوجہد کا تسلسل ہے اور ہم اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں جس جذبے کے ساتھ ہم نے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور کراچی کے مسائل مل جل کر حل کریں گے،

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بطور ڈپٹی میئر منتخب ہونا میرے لئے اعزاز سے کم نہیں مگر ساتھ ہی ایک اہم ترین ذمہ داری بھی ہے کہ مختلف مسائل سے نبرد آزما کراچی کے شہریوں کی زندگی میں آسانی اور سہولت مہیا کرنے کے لئے موجودہ بلدیاتی قیادت کی کاوشوں میں ہا تھ بٹاؤں اور مختلف مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کرانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کروں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہیں جنہیں مضبوط و مستحکم کئے بغیر کسی بھی جگہ ترقی و خوشحالی کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا، بلدیاتی ادارے ہی شہریوں کے روز مرہ مسائل حل کرنے کی اہلیت اور تجربہ رکھتے ہیں تاہم شہری یہ محسوس کرتے ہیں کہ موجودہ بلدیاتی قیادت نے، جسے مختلف طریقوں سے اختیارات سے محروم رکھنے کی سازشیں کی گئیں،

وسائل اور اختیارات کے بغیر اور نامساعد حالات میں بھی شہریوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دی اور ماضی کی طرح اپنی روایت کوبرقرار رکھتے ہوئے ہر سطح پر بلاتفریق لوگوں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے جس کا ثبوت کراچی میں حالیہ عرصے کے دوران انجام پانے والے ترقیاتی کام ہیں جنہیں شہریوں کی اشد اور فوری ضروریات کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہو یا ضلعی بلدیاتی ادارے ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ جہاں تک ہوسکے اس شہر میں بگڑی ہوئی چیزوں کو ٹھیک کیا جائے اور نظر انداز شعبوں پربھر پور توجہ دی جائے تاکہ طویل عرصے سے مختلف مسائل سے دوچار کراچی کے شہری سکون کا سانس لے سکیں،

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے ہر انتخابی مرحلے میں اپنے سیاسی شعور اور بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے لئے ایسے نمائندوں کو چنا جو انہی میں سے ہیں اور شہر اور
اس کے مسائل سے نہ صرف بخوبی واقف ہیں بلکہ تمام تر مسائل کے باوجود اپنی جہد مسلسل کے ذریعے انہیں حل کرنے کا یقین اور اس کے لئے درکار صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے جو بھی وسائل میسر آئیں گے انہیں کراچی کے شہریوں کی فلاح و بہبود پر ہی خر چ کیا جائے اور ترقیاتی کاموں کو ترجیحی عوامی ضروریات کے مطابق بہتر اور شفاف انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔

ہم سب کا ایک ہی خواب ہے اور وہ ہے ”ایک بہتر کراچی کی تعمیر“ جس کے لئے موجودہ بلدیاتی قیادت دن رات مصروف عمل ہے اور آخری دم تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

بعدازاں ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اور دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی میئر سید ارشد حسن نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کا عزم رکھتے ہیں، منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اشتراک اور تعاون سے ایسی حکمت عملی بنائی جائے گی جس سے شہر کے مسائل تیزی سے حل ہوں،

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لئے منتخب نمائندوں کی طرف دیکھتے ہیں لہٰذا ان کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں اور جو بھی وسائل شہر کی ترقی اور بہتری کے لئے دستیاب ہوں انہیں عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں صرف کیا جائے، شہر کی بہتری کے لئے ہم سب کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے۔