رمضان جیساجذبہ سب کے دلوں میں قائم اور دائم رہے

129

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) قائم مقام امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی چودھری منیر احمد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ علما کرام نے اس مہینے کو نیکیوں کا موسم بہار قرار دیاہے۔ رمضان المبارک میں راولپنڈی شہر اور کینٹ کے سیکڑوں مقامات پر قرآن مجید کے دروس اورشب بیداریوں کے پروگرام طے کیے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی کے مختلف ذمے داران کے الگ الگ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ چودھری منیر احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر کتنا کرم فرمایا ہے کہ رمضان المبارک میں نفل عبادت کا ثواب فرض کے برابر اور فرض نماز کا ثواب ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ! اس گئے گزرے دور میں بھی ہمارے شہروں اور محلوں میں رمضان المبارک میں مساجد بھر جاتی ہیں ۔ قرآن کی تلاوت ¾ نوافل اور ذکر اذکار کا ہر طرف دور دورہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح رمضان المبارک میں تراویح کی نماز میں سب سے زیادہ حاضری ہوتی ہے۔ اعتکاف کی سنت کو بھی زندہ کیا جاتا ہے ۔ گویا ہر طرف اللہ کی عبادت اور نیکیوں کے حصول کے لیے زیادہ سے زیادہ کوشش اور محنت کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کرے کہ رمضان جیسا جذبہ ہم سب کے دلوں میں قائم اور دائم رہے ۔ ہم دین اسلام کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ سمجھیں اور اس کے احکامات پر عمل کرنے والے بن جائیں۔