پاکستان تحریک انصاف (گلالئی) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے رمضان کے بعد حکومت کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔
چھوٹی سیاسی جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان پیٹریاٹ ڈیموکریٹک الائنس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ اس الائنس کا مقصد ملک میں موجود مالی بحران ، بیروزگاری اور مہنگائی سے متعلق عوام کی آواز کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانا ہے۔ چھوٹی جماعتوں کے اجلاس میں مجھے اتحاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس الائنس میں 200 سے زائد چھوٹی جماعتوں کے نمائندگان شریک ہیں اور میں چیئرپرسن کی حیثیت سے سیاسی اتحاد کو لیڈ کر رہی ہوں۔
عائشہ گلالئی نے مزید کہا کہ 12 جولائی کو ڈی چوک میں مطالبات کے حق میں دھرنا دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو کو صاحبہ کہنے سے متعلق گلالئی نے کہا کہ بلاول کو صاحبہ کہنا عورتوں کی تضحیک کے برابر ہے۔ بلاول اور مولانا فضل الرحمن کی توہین کرنا قابل مذمت ہے۔