مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے ،حکمراں کہاں ہیں؟، میاں اجمل

113

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ ہوشربا مہنگائی نے جینا دوبھر کر دیا۔ کھانے پینے کی اشیا سمیت ہر چیز کو آگ لگ گئی ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ہر چیز کی قیمت بڑھا دی گئی ہے۔ آٹا، چینی، دالیں، گھی و آئل تو مہنگے ہوئے ہی ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔ فیصل آباد شہر میں 20 روپے کلو ملنے والا آلو اب 30 روپے مل رہا ہے، پیاز کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔ چاول کی قیمت بھی مارکیٹ میں 150 روپے کلو تک جا پہنچی ہے۔ کھانے پینے کی کئی اشیا پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگنے سے بھی ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور عوام پریشان ہیں کہ جائیں تو کہاں جائیں، کھائیں تو کیا کھائیں۔ سبزیوں کے بعد چینی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے، چینی 50 روپے فی کلو سے بڑھ کر چند ماہ 65 روپے پر رکی رہی لیکن اب اس نے دوبارہ اڑان بھری ہے اور ایک ماہ میں 8 روپے کے اضافے سے 73 روپے تک جاپہنچی ہے، صارفین پریشان اور خاموش ہیں۔ ملک میں چینی وافر لیکن قیمت بڑھنے کا سلسلہ پھر بھی جاری، فاضل پیداوار کو جواز بنا کر 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت بھی دی گئی، صارفین پریشان ہیں کہ چینی تو سستی ہونی چاہیے، لیکن یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، حکومت اور انتظامیہ کہاں ہے؟