کشمیر سے متعلق مودی کا بیان ایک بھونڈا مذاق ہے‘ علی گیلانی

126

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو جموں وکشمیربھارت کا اٹوٹ انگ ہے مسترد کرتے ہوئے اسے ایک بھونڈا مذاق اور غیر حقیقت پسندانہ قراردیا ہے۔کشمیرمیڈیا کے مطابق علی گیلانی نے اپنے جاری بیان میں کہاکہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس کو جھوٹے اور گمراہ کن بیانات سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ حقیقت یہی ہے کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947ءکو اپنی فوجی طاقت کے بل پر اس پر غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیاتھا۔انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی ترک کرکے زمینی حقائق کو تسلیم کرے اوردیرینہ تنازع کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرےں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔سینئر حریت رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت اپنے تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو دبانے اور حریت قیادت کو اپنے موقف سے دستبردار کرانے کے لےے ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہا ہے ۔