آئی فون کی بیٹری لائف بڑھانے کے دس آسان طریقے

557
اسمارٹ فونز کا استعمال ہماری زندگی کا لازمی جزو بن چکا ہے لیکن صارفین کواکثر بیٹری کے جلدی ختم ہونے کی شکایت رہتی ہے۔ آئی فون استعمال کرنے والے صارفین اگر درج ذیل آسان تدابیر کو اختیار کر لیں تو وہ اپنے فون کی بیٹری کو دیر تک استعمال کر سکتے ہیں۔
بیٹری لائف بڑھانے کے طریقے آزمانے سے پہلے یہ ضرور چیک کر لیں کیا آپ کے فون کی بیٹری ٹھیک ہے ؟ اس کے لیے اپنے آئی فون کی سیٹنگز سے بیٹری کا آپشن منتخب کریں ۔ پھر بیٹری ہیلتھ کو سلیکٹ کریں۔ یہاں پر آپ دیکھ سکیں گے کہ آپ کے آئی فون کی بیٹری کی قابلیت بنسبت نئی بیٹری کے کس حد تک قائم ہے۔ اگر بیٹری کی پرفارمنس کم ہو چکی ہے تو ایپل کے بیٹری ریپلیسمنٹ پروگرام کے ذریعے نئی بیٹری حاصل کی جا سکتی ہے۔
1- ایپلی کیشنز کو بند کرنا بیٹری نہیں بچاتا !
جی ہاں یہ خیال راسخ ہے کہ استعمال کرنے کے بعد اپلیکیشن کو مکمل بند کردینے سے بیٹری کو بچایا جا سکتا ہے۔ حقیقت اس کے بالکل الٹ ہے کیونکہ جب آپ ایپلیکیشن کو بند کر دیتے ہیں تو وہ ریم سے بھی بند ہو جاتی ہے ۔ اب جب آپ اس ایپلی کیشن کو استعمال کرنے کے لیے دوبارہ کھولیں گے تو فون کو دوبارہ میموری میں اسے لوڈ کرنا پڑے گا ۔ میموری میں ایپلیکیشن کو بار بار لوڈ اور ان لوڈ کرنے سے بیٹری کا زیادہ حرج ہوتا ہے۔
2- لو پاور موڈ آن کر لیں۔
آئی فون میں دیا گیا لو پاور موڈ فون کی بیٹری کے استعمال کی ضروریات کو کافی حد تک کم کردیتا ہے اور اس سے بیٹری بچانے میں مدد ملتی ہے ۔ ایپل کے دعوے کے مطابق لو پاور موڈ سے بیٹری لائف کو کم سے کم تین گھنٹے بڑھایا جا سکتا ہے۔ لو پاور موڈ کو آئی فون صارفین صرف اسے وقت استعمال کرسکتے ہیں جب فون کی بیٹری 20 فیصد رہ گئی ہو۔
3- آپریٹنگ سسٹم کو اپڈیٹ رکھیں
جی ہاں آپریٹنگ سسٹم کو اپڈیٹ رکھنے سے بیٹری لائف میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور بیٹری کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے ۔ ایپل کمپنی کی جانب سے آئی فون اور آئی پیڈ کو درپیش مختلف بگز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے گاہے بگاہے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا جاتا رہتا ہے۔
4-برائٹنس کو مدھم رکھیں
اسمارٹ فون کی سکرین کو روشن رکھنے میں بیٹری کا بڑا حصہ استعمال ہوتا ہے۔ میک ورلڈ کے تحت ہونے والے ایک تجربے میں آئی فون فائیو پر فل برائٹنیس کے ساتھ ویڈیو دیکھنے پر بیٹری 6 گھنٹے اور 21 منٹ تک چل سکی جبکہ برائٹنس کو آدھا کم کرنے پر تقریباً 9 گھنٹے اور 48 منٹ تک بیٹری لائف رہی۔ آٹو برائٹنس کا فیچر بھی اسمارٹ فونز میں موجود ہوتا ہے جس کی مدد سے فون خود اپنے ماحول میں موجود روشنی کے مطابق برائٹنس کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے ۔
5- اینیمیشنز کا استعمال نہ کریں
تھری ڈی ویژول ایفیکٹس دیکھنے میں تو انتہائی خوبصورت معلوم ہوتے ہیں لیکن یہ آئی فون کے گرافک پروسیسر کو مسلسل استعمال کر رہے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے بیٹری تیزی سے ختم ہوتی ہے۔ بیٹری کو بچانے کے لیے ڈائنامک وال پیپر کے بجائے اسٹیٹک وال پیپر استعمال کریں اور کسی نے نئے والپیپر کو سیٹ کرنے کے بعد پرسپیکٹیو زوم کے آپشن کو آف کر دیں ۔ لائیو وال پیپر کا استعمال بھی بیٹری کو چوسنے کا باعث بنتا ہے۔
6- لوکیشن سروسز کو بند کریں
آئی فون میں موجود بہت ساری اپلیکیشن لوکیشن سروس کو استعمال کرتی ہیں جس کی وجہ سے بیٹری کا حرج ہوتا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ان ایپلی کیشنز کے ساتھ اپنی لوکیشن شئیر کرنا زیادہ محفوظ بھی نہیں ہے۔ ایپلیکیشن کو لوکیشن سروسز استعمال کرنے سے روکنے کے لیے اپنے آئی فون کی سیٹنگ میں جاکر پرائیویسی کے آپشن کو منتخب کریں ۔ یہاں سے لوکیشن سروسز پر کلک کریں اور اسے ٹرن آف کردیں یا پھر ان ایپلی کیشنز کو منتخب کریں جن کے ساتھ آپ لوکیشن شیئر نہیں کرنا چاہتے۔
7- وائی فائی اور بلیوٹوتھ کو ڈس ایبل کریں
جب وائی فائی بلیوتوتھ کے استعمال کی ضرورت نہ ہو تو اسے ڈس ایبل کردیں۔ خصوصاً گھر سے باہر آیا سفر کے دوران بیٹری کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے وائی فائی اور ڈس ایبل رکھیں کیونکہ ڈیوائس مسلسل اردگرد موجود وائی فائی کنکشنز اور بلیوتوتھ ڈیوائسز کو سکین کر کے ان سے خودکار طریقے سے منسلک ہونے کی کوشش کرتا ہے جس کا بیٹری پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔
8- والیوم کم رکھیں اور ہیڈ فون کا استعمال کریں
میوزک سنتے ہوئے ہمیشہ فون کا والیوم کم رکھیں اور جہاں تک ممکن ہو ہیڈ فون کو استعمال کریں تاکہ فون کا اسپیکر بیٹری کو استعمال نہ کرے ۔ آپ آئی فون کی سیٹنگ میں جاکر میوزک کے آپشن کو منتخب کر کے والیوم کی حد  کو سیٹ کر سکتے ہیں ۔
9- فون کو وائبریشن پر نہ لگائیں
فون کو عمومی طور پر وائبریشن پر نہ رکھیں کیونکہ وائبریشن بھی بیٹری کو دیمک کی طرح دھیرے دھیرے چاٹ جاتی ہے۔ وائبریشن کو اسی وقت آن کریں جب فون بجنا مناسب نہ ہو ورنہ بیک وقت رنگ ٹون اور وائبریشن کا استعمال نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ بیٹری کے ضیاع کا سبب بھی ہے ۔اس کے علاوہ فون کے ٹچ یا ٹائپنگ پر بھی وائبریشن کو ڈس ایبل رکھیں۔
10- نوٹیفیکیشنز بند کر دیں۔
فون پر مسلسل آنے والے نوٹیفکیشن نہ صرف جھنجلاہٹ کا سبب بنتے ہیں بلکہ بیٹری کو بھی چاٹ جاتے ہیں۔ ہر نوٹیفیکیشن پر اسکرین ڈسپلے کم سے کم پانچ سے دس سیکنڈ تک آن رہتا ہے جس کی وجہ سے بیٹری استعمال ہوتی ہے۔ غیر ضروری ایپلی کیشنز کے نوٹیفیکیشن بند کرنے کے لیے آئی فون کی سیٹنگ میں جاکر نوٹیفیکیشن کے اپشن میں جائیں اور ان تمام ایپلی کیشنز کو منتخب کریں جن کے نوٹیفیکیشن آپ موصول نہیں کرنا چاہتے۔اس سے نہ صرف آپ پریشانی سے بچ سکتے ہیں بلکہ وقت اور بیٹری کی بچت بھی ہوگی ۔