علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع

244

ِلاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت کی عدالت میں جج جواد الحسن نے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت کی ، اس دوران علیم خان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس دوران علیم خان نے وکیل سے استفسار کیا کہ اتنے لوگوں کو ساتھ لانا ضروری تھا کیا؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ کسی کو بھی آنے کا نہیں کہا یہ سب خود آئے ہیں۔

احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا یہ بتائیں حتمی رپورٹ کب جمع کروائیں گے، بندہ جیل میں ہے بتائیں رپورٹ کب تک ہیش کرنی ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ابھی رپورٹ تیار ہو رہی ہے اور ریفرنس دائر نہیں ہوا، اس کیس میں اور بھی لوگ ملوث ہیں جو فرار ہوچکے ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیے پراسیکیوشن ملزم کو لامحدود وقت کیلئے قید نہیں رکھ سکتی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ علیم خان کے خلاف کیس میں ماہرین کی رائے لی جا چکی اور کیس میں مزید ثبوت حاصل کرنے ہیں، رپورٹ جلد مکمل کر لی جائے گی۔

عدالت نے علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔