بائیکیا پاکستان میں لاکھوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے میں کامیاب،

284

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)پاکستان میں سرگرم رائیڈ شیئرنگ ایپ بائیکیا نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک میں پہلی بار وینچرکیپِٹل فنڈ سرمایہ کار،کے علاوہ جنوب مشرقی ایشیاء اورمشرق وسطیٰ کے اداراتی سرمایہ کاروں کی جانب سے، سیریز A کی سطح پر 57 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کر لی ہے۔

منگل کے روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفر نس کرتے ہو ئے بائیکیا پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر منیب مائر نے کہا کہ یہ سرمایہ کمپنی کے رائیڈ شیرنگ اور ایکسپریس ڈیلیوری کاروبار کومزید پھیلانے کے لئے استعمال کیاجائے گا، اس کے علاوہ نقد رقوم کی ترسیل اور صارفین کے لئے ڈیجیٹل سروسزکو پاکستان کے تمام شہری علاقوں میں فروغ دیا جائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ یہ اضافی سرمایہ کاری عوامی سطح پر کاروبار کو پھیلانے میں ہماری مدد کرے گی۔تاکہ بنیادی ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والے عام شہری بھی ہماری سہولیات تک رسائی حاصل کر سکیں اور اپنی نجی یا کاروباری سرگرمیوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں ‘۔

بائیکیا میں ابتدائی سرمایہ کاری کرنے کے لئے غیررسمی سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے رقوم فراہم کی تھیں۔وہ سرمایہ اتھاکا کیپٹل نامی ادارے کی کاوشوں سے حاصل ہوا۔

اتھاکا کیپٹل اب تک پاکستان میں متعدد غیرروائیتی اور جدید ترین منصوبوں کے لئے وینچر کیپیٹل کا اہتمام کر چکا ہے۔ اس ادارہ کے قیام میں ای کامرس اور ترسیلات کے صنعتی شعبہ سے وابستہ تجربہ کار اور کامیاب افراد نے کردار ادا کیا۔ ان میں دراز ڈاٹ پی کے، کے شریک بانی اور ایس این ایل پاکستان کے ڈائریکٹر آپریشنز منیب مائر، کے علاوہ، راکٹ انٹرنیٹ نامی ادارہ سے وابستہ عبدالمنّان اور پاک قطر گروپ میں ایکچوری کے سربراہ اسحاق کوٹھا والا سمیت، ٹی اینڈ ٹی لاجسٹکس پاکستان کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر – رفیق ملک بھی شامل تھے۔

اس سرمایہ کاری کے علاوہ بائیکیا کو یو ایس ایڈ کے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی ترقیاتی اتھارٹی کی جانب سے گرانٹ بھی ملی ہے۔تاکہ میزبانی کے صنعتی شعبہ میں دستیاب ملازمتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔اس حوالہ سے مہوش اور جہانگیر صدیقی فاؤنڈیشن نے بھی، موٹر سائیکل چلانے والے افراد کے لئے، قلیل المدّنی قرضہ جات کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ موٹر سائیکل چلانے والے نوجوانوں کے لئے آمدن کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔