جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی

143

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) قائم مقام امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی چودھری منیر احمد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ اس سلسلے میں ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ جماعت اسلامی اپنے انتخابی نشان ترازو پر الیکشن میں حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں ضلعی عہدیداران کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا۔ اس اجلاس میں دعوتی ٗ تنظیمی ٗ تربیتی اور سیاسی امور کے علاوہ رمضان المبارک میں درس قرآن ٗشب بیداریوں اور ختم قرآن کے پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میںجنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗ نائب اُمرا شیخ مسعود احمد ٗچودھری محمدسرفراز ا ورضیااللہ چوہان سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ چودھری منیر احمد نے کہا کہ جب بھی اور جس طرح کے بھی بلدیاتی الیکشن ہوئے تو جماعت اسلامی ان میں حصہ لے گی۔میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔الحمد للہ ! جماعت اسلامی کے پاس اہل اور دیانتدار امیدوار ہر جگہ موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جس جس جگہ بھی جماعت اسلامی کے لوگوں کو موقع ملا ہے تو انہوں نے عوام کی بہترین خدمت کی ہے۔ امانت و دیانت کی مثالیں قائم کی ہیں ۔ چودھری منیر احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی نے لوگوں سے کبھی جھوٹے وعدے نہیں کیے اور نہ ہی ان کو سبز باغ دکھائے ہیں۔بلکہ عملی طور پر خدمت کی ہے ٗ جس کے علاقہ کے عوام بھی معترف ہیں۔