بیرون ممالک مقیم پاکستانیز ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،ایس ایم منیر

296
 مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ برآمدکنندگان کی مشکلات کو سمجھتے ہیں،سرپرست اعلی یو بی جی
 عمران خان اورانکی حکومت ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کررہی ہے، امریکا میں بزنس مینوں سے گفتگو  
کراچی: یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹوایس ایم منیر نے کہا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیز ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان سے باہر آباد پاکستانی دوسرے ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بڑھانے میں بھی مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں،وزیراعظم عمران خان پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے اہم اقدامات کررہے ہیں اورموجودہ تحریک انصاف حکومت نے اوورسیز پاکستانیزکو ووٹ کا دلوانے کیلئے بھی نمایاں کام کیا ہے،وزیراعظم عمران خان اورانکی حکومت ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کررہی ہے جس میں بزنس کمیونٹی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار امریکا میں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے گفتگو کے دوران کہی۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نوراحمد خان، نوید بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ بیرون ممالک تجارتی نمائشوں میں شرکت سے پاکستانی مصنوعات کی بہتر تشہیر کے مواقع ملتے ہیں،  ایف پی سی سی آئی بھی ہرسال بیرون ممالک میں ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت کرتا ہے جن میں ویمن انٹرپرینورز کو زیادہ سے زیادہ شرکت کے مواقع مہیا کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بزنس کمیونٹی کے اعتماد کی بدولت اپنی یہ ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ ان کے مسائل حکومت تک پہنچاؤ ں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکوں اور ہم یہ کام فیڈریشن کے توسط سے اورذاتی طور پر بخوبی کررہے ہیں،مشیرخزانہ کی حیثیت سے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ملکی مالیاتی معاملات بہتر بنارہے ہیں  اور ہمیں امید ہے کہ وہ ایکسپورٹرز کو انکے ریفنڈز ادا کرینگے،بجٹ کی آمد آمد ہے اور حکومت کو چاہیئے کہ وہ برآمدی صنعتوں کو مراعات دے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو اور ملک میں ڈالرز کی فراوانی ہوسکے۔ ایس ایم منیر نے مزیدکہاہے کہ  تاجر، صنعتکاراورایکسپورٹرز ملک کا سرمایہ ہیں اورمشکل ترین حالات میں بھی کاروبار جاری رکھتے ہوئے جہاد کررہے ہیں،انہیں اچھے دنوں کا انتظارہے،اس وقت اشد ضرورت اس بات کی ہے کہ ایکسپورٹ میں اضافہ اور امپورٹ میں کمی ہوتاکہ تجارتی خسارہ کم ہوسکے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ کاروباری برادری کو تقسیم کرنے کی سازشی کرنے والے اپنے عزائم میں ناکام ہوچکے ہیں اور گزرتے دنوں کے ساتھ ہمارے چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں ہمارا گروپ یو بی جی مضبوط تر ہوتا جارہا ہے، یو بی جی سے منتخب فیڈریشن چیمبر کے عہدیداربزنس کمیونٹی کے بہتر مفاد میں کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ، ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کا پیاراور ا عتماد ہی میرا سرمایہ ہے، ہمارا مشن ابتداء سے یہی ہے کہ ایف پی سی سی آئی کو مضبوط ہونا چاہیئے تاکہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی آواز موثر انداز میں بلند ہوسکے۔