بلوچستان کابینہ نے اسپیشل سیکورٹی ڈویژن کے قیام کی منظوری دیدی

106

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کوئٹہ کے لیے پولیس کے اسپیشل سیکورٹی ڈویژن کے قیام کی منظوری دے دی گئی، 1305آسامیاں تخلیق ہوں گی اور سیکورٹی ڈویژن کو جدید تربیت، اسلحہ، مواصلاتی نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا ئے گا، کابینہ نے لسبیلہ، گوادر اور کوئٹہ اضلاع کو مکمل طور پر بی ایریا سے اے ایریامیں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دے دی،کابینہ نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت 10بلین سونامی ٹری پروجیکٹ کی بھی اصولی طور پر منظوری ۔ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 16 ارب روپے ہے جس کا نصف وفاقی حکومت ادا کرے گی، کابینہ نے جنگلی حیات کے شعبہ کی ترقی کے منصوبے کی منظوری دی جو آئندہ 5 سال میں مکمل ہوگا، 3.5ارب روپے کی لاگت کے اس منصوبے کا 75 فیصد حصہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی، دونوں منصوبوں کا مقصد صوبے میں جنگلات اور چراہ گاہوں میں اضافہ کرنا اور جنگلی حیات کے تحفظ اور افزائش کو یقینی بنانا ہے ۔کابینہ نے میرانی ڈیم کے متاثرین کے لیے اس سال 939ملین روپے فراہم کیے گئے ہیں ، کابینہ نے بلوچستان ہاؤسنگ اتھارٹی بل 2019ء کی منظوری بھی دی جس کے تحت اضلاع کی سطح پر نجی شعبہ کے اشتراک سے کم لاگت کی ہاؤسنگ اسکیمیں بنائے گی اور ٹاؤن پلاننگ کرے گی،کابینہ نے ریسکیو 1122 کے قیام کے حوالے سے ایجنڈے کی منظوری دی۔ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کا حقیقی تخمینہ 38ارب روپے ہے ۔