رمضان المبارک میں تمباکونوشی سے چھٹکارے کی آگاہی مہم کا اعلان

164

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے رمضان المبارک میں تمباکونوشی سے چھٹکارے کے بارے میں آگاہی مہم کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یکم رمضان کو ملک بھر میں قومی یوم انسداد تمباکونوشی منایا جائے گا۔ پیما کے مرکزی صدر پروفیسر محمد افضل میاں نے ایک بیان میں کہا کہ اس مہم کا مقصد اس ماہِ مبارک میں تمباکونوشی سے چھٹکارے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کیونکہ اس ماہ میں تمام لوگ نیکی کے کاموں کو اختیار کرنے اور بری عادات کو ترک کر کے مثبت طرزِ زندگی اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس اعتبار سے رمضان المبارک تمباکونوشی جیسی بُری عادت کو ترک کرنے کے لیے مثالی موقع ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ،تمباکو کی پیداوار اور کھپت والے دنیا کے 15ممالک میں شامل ہے اور تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگ سالانہ تمباکونوشی کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ تمام ڈاکٹرز کو چاہیے کہ اس ماہِ مبارک میں تمام مریضوں کو تمباکونوشی ترک کرنے کی ہدایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ روزے کی حالت میں ویسے بھی دن بھر اس بری عادت سے دور رہنا پڑتا ہے، عزم اور کوشش کے ساتھ تمباکونوشی سے زندگی بھر کے لیے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ تمباکونوشی سے نجات خود ان کی صحت کے لیے بھی ضروری ہے اور اپنے خاندان اور گھر والوں کے لیے بھی مفید ہے۔