سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رحمتوں کے مہینے میں عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کردیا گیا ہے، یہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قائد حزب اختلاف ردعمل دیا کہ حکومت کی طرف سے عوام کو 9 روپے 11 پیسے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ رمضان مبارک، رمضان سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے۔
انہوں نےحکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے،ریاست مدینہ بنانے والوں نے رمضان المبارک کا بھی خیال نہیں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رحمتوں اور برکتوں کے مہینے کی آمد پر مزید مہنگائی کا عذاب عوام پر مسلط کر دیا گیا ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کے سبب غریبوں کا گھر، تاجروں کا کاروبار اور ملکی نظام منجمد ہوگیا ہے۔
سربراہ ن لیگ نے حکومت پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 450 ارب کے بجٹ خسارہ پورا کرنےکی ناکام کوشش ہے۔