بلیک بیری میسنجر 31 مئی کو ہمیشہ کے لئے بند کر دینے کا اعلان

254

بلیک بیری کمپنی نے بلیک بیری میسنجر 31 مئی کو ہمیشہ کے لئے بند کر دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ بلیک بیری کی پارٹنر کمپنی ایمٹیک نے صارفین کو مطلع کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں دیگر ایپلی کیشنز اور سروسز کی جانب صارفین کے زیادہ جھکاؤ کے باعث کمپنی کو یہ فیصلہ کرنا پڑا ہے۔
کمپنی نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ اگر وہ ابھی تک بلیک بیری میسنجر کا استعمال کرتے ہیں تو لاگ ان کرکے اپنی تمام تصاویر ، ویڈیوز اور دیگر ضروری فائز کو محفوظ کر لیں۔ 31 مئی کے بعد صارفین اپنے بلیک بیری میسنجر اکاؤنٹ کو لاگ ان نہیں کر سکیں گے۔
بلیک بیری کے چیف مارکیٹنگ آفیسر مارک ولسن نے سروس استعمال کرنے والے صارفین کو بلیک بیری میسنجر کے انٹرپرائزز ورژن کو ڈاؤن لوڈ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ مارک ولسن کا کہنا ہے کہ ہم بلیک بیری میسنجر کے ختم ہونے پر دلبرداشتہ ہیں لیکن صارفین کو محفوظ میسجنگ پلیٹ فارم بلیک بیری انٹرپرائز ورژن کی صورت میں فراہم کر رہے ہیں ۔ بلیک بیری انٹرپرائز ورژن کو ایک سال تک مفت استعمال کیا جا سکتا ہے جس کے بعد ششماہی بنیادوں پر اس کی سبسکرپشن فیس 2.49 ڈالر ادا کرنی ہوگی۔
یاد رہے 14 سال تک محفوظ ترین میسجنگ سروس سمجھے جانے والا بلیک بیری میسنجر کئی سالوں سے تنزلی کا شکار تھا ۔ 2016 میں کمپنی نے ایمٹیک کمپنی کے ساتھ پارٹنر شپ کرکے بلیک بیری میسنجر کو اپ گریڈ کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی لیکن اب بلیک بیری میسنجر کو ہمیشہ کے لئے بند کرنے کے اعلان کے ساتھ یہ واضح ہو گیا ہے کہ کمپنی مارکیٹ میں موجود دیگر میسجنگ ایپلی کیشنز کا مقابلہ نہیں کر پائی ہے۔