جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل انتقال کر گئے

317
فائل فوٹو

جامعہ کراچی کے سلیکشن بورڈ میں من پسند افراد کے تقرر اور جامعہ کراچی کے انتظامی معاملات میں بیرونی دباؤ نے وائس چانسلر کی جان لے لی۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی کو رات گئے طبیعت خراب ہونے پرنجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے ۔

ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق گزشتہ رات ڈاکٹر اجمل کے دل میں تکلیف ہوئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آج صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔

مرحوم ڈاکٹر اجمل کی میت اسپتال سے ان کی رہائش گاہ جامعہ کراچی کمپس منتقل کردی گئی ہے، ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر مرکزی جامع مسجد ابراہیم میں ادا کی جائے گی۔ ڈاکٹر اجمل کی تدفین جامعہ کراچی کے قبرستان میں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ وائس چانسلر گزشتہ کافی دنوں سے دباؤ کا شکار تھے، شعبہ ابلاغ عامہ میں ایک خاتون ٹیچر کے خلاف ضابطہ تقرر کے لئے سلیکشن بورڈ اور انتظامیہ پر مختلف حوالوں سے دباؤ ڈالا جارہا تھا، خاتون ٹیچر جامعہ اردو میں پڑھاتی رہی ہیں اور سندھ یونیورسٹی کے وی سی کی رشتے دار ہیں۔

وی سی گزشتہ دو دن سے میڈیا پر جامعہ کراچی کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر بھی سخت نالاں تھے اور بار بار یہ ہی شکوہ کرتے رہے کہ چند لوگ اپنے مفادات کے لئے جامعہ کراچی کو کس طرح بدنام کر رہے ہیں ۔

مرحوم ڈاکٹر اجمل خان شعبہ نباتات کے پروفیسر تھے اور انہیں 2017 میں جامعہ کراچی کا 17 واں وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا اور گزشتہ 40 سال تک سلسلہ تدریس سے وابستہ رہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر اجمل خان کو گراں قدر خدمات پر ستارہ امتیاز کے اعزاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔