تعلیمی اداروںکے ہاسٹلز میں نوجوان نشے کی لت میں مبتلاہورہے ہیں

129

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے شہرکی رہائشی آبادیوں اورتعلیمی اداروں میں منشیات فروشی عروج پر پہنچ چکی ہے جس کے باعث نوجوان نسل کا مستقبل دائوپر لگ گیا ہے۔گزشتہ روز پولیس کے ہاسٹلز میں نشہ فراہم کرنے والے گروہ کی گرفت کے باوجود شہراورگردونواح جبکہ معروف ترین تعلیمی اداروںکے ہاسٹلزمیں منشیات فروشی کا دھندہ زور پکڑتاجارہاہے جس سے نہ صرف طلبہ بلکہ طالبات بھی اس لت میں مبتلاہوکراپنا،ملک کااور اپنے عزیزو اقارب مستقبل تباہ کررہی ہیں،تعلیمی اداروںکے ہاسٹلزاورمختلف آبادیوں میں نوجوان نسل تیزی سے نشہ کی لت میں مبتلاہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یوں محسوس ہوتاہے جیسے منشیات کا سارا دھندہ انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہوتا ہے،عوامی احتجاج کے باوجود پولیس خاموش تماشائی کا کردار اداکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ چند ٹکوں کی خاطر معاشرے اور انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں جن کی سرکوبی کرنے کی ضرورت ہے۔ منشیات کے خاتمے کے لئے بنائی گئی انسداد منشیات فورس کا بھی کہیں کوئی کردار نظرنیں آ رہا۔انہوں نے کہا کہ شہربھرمیں نشئی سارا دن نشہ کی حالت میں سٹرکوں کے کنارے پڑے رہتے ہیں اورایک دوسرے کونشہ آور انجکشن لگاتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اوردیگر بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہرکے پوش علاقوں میں میڈیکل سٹوروں پر نشہ آور انجکشن اور ادویات سرعام فروخت ہورہی ہیں مگرمقامی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔انہوں نے کہاکہ منشیات،جوئے اور بدکاری کے اڈوں کی وجہ سے شہری شریف شدیدپریشانی کاشکارہورہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پرایک بڑاآپریشن کرکے ان اڈوں کوختم کروانے کے لیے اپناکرداراداکرے اورمحکمہ میں چھپی ہوئی ان کالی بھیڑوں کی بھی سرکوبی کی جائے جوان اڈوں کی سرپرستی کررہے ہیں۔