ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی،خاتون اور لڑکا شہید

171

راولپنڈی/مظفر آباد (صباح نیوز) لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی سے خاتون اور ایک نوجوان لڑکا شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی فوج نے تتہ پانی اور کوٹ کوٹیرا سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون اور 12سال کا لڑکا شہید ہوئے جن کی شناخت 45سا ل کی نسرین بی بی اور محمد زاہد کے ناموں سے ہوئی ہے۔بھارتی فورسز کی فائرنگ سے سونیہ نامی خاتون شدید زخمی بھی ہوئی جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا تاہم بھارتی فوج کی جانب سے اشتعال انگیزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجا فاروق حیدر خان نے بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک سویلین کی شہادت پر دکھ اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی افواج کی بزدلی کوظاہرکرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی فائرنگ اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کم نہیں کرسکتی۔وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ آئے روز نہتے کشمیریوں کی شہادت کا نوٹس لے اور بھارت کو اس سے باز رکھے۔