غیر سرکاری کمیٹی کے اعلان کےبعد خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ

318

مفتی شہاب الدین پوپلزئ کے چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد آج خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔
رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں پہلا روزہ 7 مئی کو رکھا جائے گا جبکہ پشاور کی مسجد قاسم خان کی غیر سرکاری کمیٹی نے شہادتوں کی بنیاد پر اس بات کا اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک کا آغاز پیر سے ہوگا۔ کمیٹی کا دعوی تھا کہ انہیں صوبے کے مختلف اضلاع سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ہیں۔
کمیٹی کے رہنما مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کمیٹی کو صرف پشاور کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی 22 شہادت موصول ہوئیں۔ مسجد کے تمام فیصلے قرآن و سنت کے مطابق کئے جاتے ہیں اور ان فیصلوں کا انا ، تکبر اور فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں۔ 
مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے خیبرپختونخواہ کی شہادتیں قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ 
واضح رہے کہ سال گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہے کہ پشاور کی مسجد قاسم خان کے معروف عالم دین مفتی شہاب الدین پوپلزئی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے متصادم عید اور رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیتے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں بیک وقت دو عیدیں منائی جاتی ہے اور ایک دن پہلے روزہ بھی رکھا جاتا ہے۔