چوہدری نثار کا مسلم لیگ نون سے راستے جدا کرنے کا اعلان

345

مسلم لیگ نون کے اہم رہنما اور نون لیگ کے دور حکومت نے وزیرداخلہ جیسے اہم عہدے پر فائز رہنے والے چوہدری نثار نے نون لیگ کے ساتھ 35 سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی سے اپنے راستے جدا کرلیے ہیں۔
واہ کینٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ میں اب نون لیگ کا حصہ نہیں ہوں ۔ یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا ہے میں اپنے آپ کو فروخت کے لئے نہیں رکھ سکتا۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ وہ طویل عرصے مسلم لیگ نون کا حصہ رہے۔ سیاست اقتدار کے لئے نہیں بلکہ عزت کے لئے کی۔ مسلم لیگ نون کے کچھ سینئر رہنما اور ان کے درمیان اختلافات اور معاملات تھے جنھیں حل نہیں کیا گیا۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی افراتفری کی ذمہ دار اپوزیشن اور حکومت ہے۔ ملک کو مختلف محاذوں پر کمزور کرنے کے لیے سازشیں کی جارہی ہیں۔ اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے بڑے دعوے کیے تھے لیکن اب حکومتی جماعت نے خود کو آئی ایم ایف اور عالمی بینک جیسے بین الاقوامی اداروں کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے اور اب حکومت ان اداروں سے ڈکٹیشن لے رہی ہے۔
چوہدری نثار نے تحریک انصاف کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس ملکی مسائل کو حل کرنے اور غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر منفی اثرات پڑیں گے جس کی وجہ سے ملک میں حکومت کے خلاف عوامی تحریک بھی کھڑی ہوسکتی ہے۔