بلدیہ عظمیٰ : واحد میڈیکل و ڈینٹل کالج مالی بحران کا شکار

120

کرچی ( رپورٹ : محمد انور ) کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ( کے ایم ڈی سی ) کی اپنے ذرائع سے حاصل ہونے والی سالانہ آمدنی 21 کروڑ روپے ختم ہونے کی وجہ سے مالی بحران کا
شکار ہوگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کالج کے مالی بحران کی وجہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ماہانہ دی جانے والی ساڑھے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ ہے جسے میئر وسیم اختر نے کے ایم سی کی مالی صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے گزشتہ سال بند کر دیا تھا اور کے ایم ڈی سی کے پرنسپل کو ہدایت کی تھی کہ اپنی آمدنی میں سے کالج کے اخراجات پورے کیے جائیں۔ کالج کے مالی بحران کے باعث طلبہ و طالبات کی بس سروس متاثر ہونے لگی ہے جبکہ معمول کے دیگر ضروریات کی تکمیل میں بھی مشکلات کاسامنا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر کے ایم سی نے فوری طور پرکم ازکم 2 کروڑ روپے گرانٹ نہ دی تو آئندہ ماہ سے کالج کا پورا نظام ہی بیٹھ سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پہلے پروفیسرز ، ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور دیگر عملے کی تنخواہیں تاخیر سے ملنے لگیں ہیں۔ خیال ہے کہ فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے آئندہ ماہ سے پھر تنخواہوں کی ادائیگی بھی بند ہوسکتی ہے۔