کراچی(سید وزیر علی قادری) رمضان المبارک کا آغاز گزشتہ روز دیگر ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اس مرتبہ بھی روزے انگلینڈ میں رکھے گی اور کئی گھنٹوں پر مشتمل اسلام کا دوسرا فرض کو ادا کرے گی۔ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل لندن میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل واحد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی کے بعد میزبان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پر عزم ہیں کے ایک روزہ سیریز میں بھی پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کرینگے۔ ادہر پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا تاہم بدقسمتی سے فتح حاصل نہیں ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک روزہ سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز سخت اور کانٹے دار ہوگی اور شائقین کرکٹ کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 11 مئی کو کھیلا جائے گا، تیسرا میچ 14 مئی کو کھیلا جائے گا، چوتھا میچ 17 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ 5واں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلے گی۔