حکومت نے حج اوررمضان کو مہنگائی کی بھینٹ چڑھا دیا،سینیٹر مشتاق خان

115

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ مہنگائی بے قابو اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نے حج اور رمضان کو مہنگائی کی سونامی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔لیموں کی فی کلو قیمت ایک ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، اسی طرح گوشت 450، قیمہ 500، ٹماٹر 70، پیاز 60 روپے فی کلو اور کیلا 200روپے میں فی درجن فروخت ہورہا ہے جو بدترین ظلم ہے۔ مسلسل مہنگائی سے حکومت نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی۔ آئی ایم ایف مارکہ معیشت نے ملک کی معاشی خود مختاری ختم کردی ہے۔ مشیر خزانہ ، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر آئی ایم ایف کا لگا کر حکومت نے ملکی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے۔ آئی ایم ایف سے جان چھڑانے کی باتیں کرنے والوں نے پورا ملک آئی ایم ایف کو دے دیا۔ حکومت کے خلاف رمضان کے بعد میدان میں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت نے رمضان کے شروع ہونے سے قبل تیل کی قیمتوںمیں اضافہ کرکے حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرایا۔ سمندر سے تیل نکالنے سے قبل ہی عوام کا تیل نکالا جارہا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملی معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک بار پھر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی خواہش کے مطابق چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام کو مہنگائی اور ٹیکسوں کی چکی میں پیسا جارہاہے اور خون کا ایک ایک قطرہ نچوڑ کر عالمی مالیاتی اداروں کی پیاس بجھائی جارہی۔سابقہ حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے موجودہ حکومت بھی عالمی استعمار کے ایجنڈے کو پورا کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سابق ملازم اپنے اداروں کے اشاروں پر چلتے ہوئے ان کے مفادات پورے کریں گے، انہیں پاکستانی معیشت کی بہتری کی نہیں، اپنے ایجنڈے کی تکمیل کی فکر ہوگی۔ حکومت قومی مالیاتی اداروں کی تباہی پر کمربستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف روپے کی قدر کو مزید کم کرنے پر دباؤ ڈال رہاہے جس سے ملک پر سیکڑوں ارب روپے کا قرضہ بڑھ جائے گا۔ حکومت نے اسٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے ملکی معیشت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ اب حفیظ شیخ،باقررضا اور احمد مجتبیٰ میمن پر مشتمل ٹرائیکا آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت تیل و گیس اور بجلی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لائے اور رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف دے۔ جماعت اسلامی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجز کے حوالے سے رمضان المبارک کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
مطالبات منظور کرکے نرسوں کے ساتھ انصاف کیا جائے، نرسنگ ایکشن کمیٹی
نوابشاہ (سٹی رپورٹر) پی ایم سی اسپتال نواب شاہ کی نرسنگ اسٹاف کی جانب سے آٹھویں روز بھی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج جاری، نرسنگ ایکشن کمیٹی کی کال پر نرسنگ ہاسٹل کے باہر مطالبات کے لیے نعرے بازی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جائز مطالبات منظور کرکے نرسوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ سروس اسٹرکچر کی بحالی سمیت ٹائم اسکیل، پروموشن اور ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس دیا جائے۔