لندن : نماز تراویح کے دوران مسلح شخص کی مسجد میں فائرنگ

356

لندن کی ایک مقامی مسجد میں نماز تراویح کے دوران ایک مسلح شخص نے نمازیوں پر فائر کھول دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی تاحال کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی لندن کے علاقے سیون کنگز میں نماز تراویح کے وقت مسلح شخص نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کی تاہم نمازیوں کے پیچھا کرنے پر حملہ آور فرار ہو گیا ۔ فائرنگ کے واقعے میں کسی بھی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ حملہ آور نے چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا اور اس نے مقامی وقت کے مطابق رات 10:45 منٹ پر فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد مسجد کے باہر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے ۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق واقعے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں اور عینی شاہد کے بیانات بھی قلمبند کیے جارہے ہیں ۔پولیس کے مطابق واقعے میں دہشت گردی کاعنصر شامل نہیں ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔