حکومت رمضان آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمدکرائے،مولاناعبدالحق ہاشمی

137

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد ،مہنگائی کے خاتمے، روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ،ٹریفک کے مسائل حل کریں رمضان المبارک کو عوام کیلیے زحمت نہ بنائیں سستے بازار کے نام پر ٹینٹوں کے اندر مہنگے سامان فروخت کرنا عوام کے مذاق اوران کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے ایک طرف یوٹیلیٹی اسٹور میں اشیائے خورونوش ناپید دوسری طرف تاجروں دکانداروں نے بھی حکومتی لوٹ مار کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے خودساختہ مہنگائی شروع کردی ہے، جس سے کم آمدنی والے غریب عوام بہت زیادہ متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور نجات کا مہینہ ،تقویٰ، گناہوں کی بخشش کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک کو تربیت کے طور پر گزارنا چاہیے، رمضان شریف کو تقویٰ کے ساتھ گزارنے اور اس ماحول کو خیر وبرکت اور دنیا وآخرت کی کامیابی کیلیے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ امرائے اضلاع، برادر تنظیموں کے ذمے داران رمضان المبارک میں فہم القرآن کلاسزکو کامیاب بنانے سمیت رابطہ عوام مہم کو بھی جاری رکھیں۔ رمضان شریف کی برکتوں کو سمیٹنے کے لیے دورہ تفسیر، خلاصہ تراویح، افطار پارٹی کے ساتھ استقبال رمضان کے بڑے پیمانے پر پروگرامات رکھ کر ماحول بنایا جائے۔ حکومت نہ صرف احترام رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے بلکہ رمضان شریف کے بابرکت مہینہ میں عوام کو ناجائز منافعہ خوروں کے رحم وکرم پر چھوڑنے کے بجائے روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے اہل اور دیانتدار افسران پر مشتمل ٹیمیں مقرر کی جائیں تاکہ ایک عام آدمی بھی رمضان کی رحمتیں سمیٹ سکے۔ ہر فرد کو چاہیے کہ احسن طریقے سے رمضان کے روزے رکھیں، عبادات کریں انفاق فی سبیل اللہ کا اہتمام کریں۔ روزہ ہمارے لیے نصیحت ہے ہماری دعوت عام افراد کے لیے مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان قرآن اور تزکیہ نفس کا مہینہ ہے، جماعت اسلامی محض چہروں اور مصنوعی نہیں بلکہ حقیقی اور نظام کی تبدیلی کے ذریعے عام آدمی کی زندگی کی تبدیلی کی بات کرتی ہے۔ ہم عوامی حمایت سے اورتبدیلی کے تین نشان اللہ محمد اور قرآن کے نعرے کے تحت ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔