ماہ صیام میں دہشتگردی کرنا اسلام دشمن عناصر کا شاخسانہ ہے

140

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خان،ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمود، نائب صدورمحمدآصف عطا،مسلم توقیر،فاروق باجوہ،سلیم انصاری ،شیخ عمرمختارا وردیگرعہدیداران نے لاہورمیں داتادربارہونے و الے خودکش حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں دہشتگردی کرنا اسلام دشمن عناصر کا شاخسانہ ہے، مساجد ، مدارس ،مزاروں، خانقاہوں ، گرجا گھروں اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوںکو کو نشانہ بنانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔رہنمائوں نے کہاکہ ایک بار پھر امن دشمنوں نے داتا دربار کو نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کی سازش کی گئی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائی سے عوام کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔انہوں نے کہاکہ امن وامان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے، اس قسم کی وارداتیں کرنے والے پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں، پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے، رہنمائوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ اس وحشیانہ دہشتگردی کی پرزورمذمت کرتی ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دہشتگردی کرنے والے وحشی درندے ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔