اسد عمر جلد ہی دوبارہ کابینہ میں آ رہے ہیں: شیخ رشید

264
لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں
LAHORE, PAKISTAN, DEC 08: Federal Minister for Railways, Sheikh Rasheed Ahmed addresses to media persons during press conference, at Railway Headquarters in Lahore on Saturday, December 08, 2018. (Babar Shah/PPI Images).

وزیر ریلوے شیخ رشید نے پیشن گوئی کی ہے کہ اسد عمر جلد دوبارہ کابینہ کا حصہ بن جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ عید کے بعد وزارتوں میں تبدیلیوں کا امکان بھی ہے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو معیشت تباہ شدہ حال میں ملی ہے۔ ملک کے موجودہ حالات کے اصل ذمہ دار آصف زرداری ، نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔ گینگ آف فور فائیو نے ملکی معیشت کو گدھ کی طرح نوچا ہے، سارا میڈیا ان چوروں کے لیے لگا ہوا ہے۔ ان لوگوں کا علاج، بچے اور جائیداد سب کچھ باہر ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ لندن جانا ہے۔ان لوگوں نے کفن پر بھی جیبیں لگائی ہوں گی، یہ فرشتوں کے ساتھ بھی ڈیل کریں گے۔
جہانگیر ترین کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کام کا آدمی ہے لیکن وہ ضائع ہو چکا ہے، وہ عدالتی فیصلے پر ایل بی ڈبلیو ہو چکے ہیں۔ عید کے بعد وزراء کی تبدیلی کا امکان ہے اور اسد عمر جلد ہی دوبارہ کابینہ میں آ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ سارے رمضان میں بلاول پر بات نہیں ہو گی کیونکہ میں روزے سے ہوں۔
کرایوں میں اضافے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمت میں اضافہ کے باعث ریلوے پر بوجھ بڑھ گیا ہے جس کے بعد کرایوں میں اضافہ کرنا ناگزیر ہے البتہ اکانومی کلاس کے ٹکٹ میں صرف 50 روپے تک ہی اضافہ کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ریلوے ملازمین کو ہیلتھ کارڈ مل جائیں۔ سرکلر ریلوے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر 15روز میں عملدرآمد کی کوشش کریں گے، سرکلر ریلوے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پا چکا ہے، جب بھی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے ہوتے ہیں تو عام آدمی پر اثر پڑتا ہے۔