بلوچستان ‘شعبہ ماہی گیری کو جدید خطوط استوارپر کرنے کیلیے منصوبہ تیار

137

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان حکومت نے شعبہ ماہی گیری کو جدید خطوط پراستوار کرنے کے لیے منصوبہ تیار کرلیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ شعبہ ماہی گیری کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا جس کا فائدہ مقامی ماہی گیروں کو بھی پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ماہی گیری کے محکمانہ امور اور آئندہ پی ایس ڈی پی میں اس شعبے کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستا ن ڈاکٹر اختر نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ سیکرٹری ماہی گیری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مالی سال کی پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کیلیے صوبے کے ساحلی علاقے میں 4 لینڈنگ جیٹیوں کے قیام کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار کشتیوں میں (ویری ہائی فیری کونسی) وی ایچ ایف سسٹم کی تنصیب کے ذریعے ان کی ٹریکنگ کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے جس سے ایک جانب تو ماہی گیروں کی کشتیوں کی ٹریکنگ کے ذریعہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری امداد ممکن ہوسکے گی تو دوسری جانب بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں غیر قانونی ٹرالروں کے ذریعے مچھلیوں کے شکار کو بھی روکا جاسکے گا۔ ٹریکنگ کیلیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بلوچستان کے ماہی گیروں کی فلاح وبہبود اور مفادات کے تحفظ کیلیے فشرمین کوآپرٹیو سوسائٹی کے قیام کا جائزہ بھی لیا جائے ۔