سرینگر/لندن (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 2نوجوان شہید ہوگئے ،ایک نوجوان کو شوپیاں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران نشانہ بنایا جبکہ دوسرے نوجوان کی تشدد زدہ لاش پلوامہ میں دریائے جہلم سے برآمد ہوئی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج نے ماڈل ٹائون سوپور کے رہائشی نوجوان اشفاق احمد صوفی نامی نوجوان کو ضلع شوپیاں کے علاقے امشی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ سوپور قصبے میں تمام دکانیں اور
کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی۔ قابض انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت پر طلبہ کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کے لیے سب ڈویژن سوپور میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ سرینگر کے علاقے نوہٹہ میںقائم تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نوجوانوں نے سڑکوں پر آکر زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے ۔ بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے باعث متعدد نوجوان زخمی ہو گئے ۔6 نوجوان پیلٹ لگنے سے زخمی ہو ئے۔ بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے ضلع بڈگام کے علاقے چرار شریف میں چر ونی کے مقام سے صبح سویرے ایک چھاپے کے دوران 3 بھائیوں مظفر احمد ڈار، عرفان احمد ڈار اور توصیف احمد ڈار کو گرفتار کر لیا۔ادھر ضلع پلوامہ کے گائوں گلنڈر میں دریائے جہلم سے ایک نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ دوسری جانب بیرسٹر عبدالمجید ترمبو کی قیادت میں بیرون ملک مقیم کشمیری قیادت نے لندن میں ایک پریس کانفرنس میںعالمی برادی پرزوردیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو ہندوئوں کی اکثریت میں تبدیل کرنے کے منصوبے سے باز رکھے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام امن و انسانی حقوق کے بارے میں جنوب ایشیائی سینٹر، انسانی حقوق کے بین الاقوامی کمیشن ، مسلمان خواتین کی بین الاقوامی یونین، امریکا میں اقلیتوں کی انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم اور کشمیر یوتھ اسمبلی نے مشترکہ طورپر کیاتھا۔ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے کہاکہ بی جے پی بھارت میں جاری انتخابات کے دوران ان دونوں دفعات کی منسوخی کا نعرہ لگا کر عوام کی توجہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ اس موقع انہوں نے بھارتی فورسز کی جانب سے شہید اور لاپتا کیے گئے کشمیریوں کے اعدادوشمار میڈیا کے سامنے پیش کیے ۔