روپے کی قدر میں مزید کمی،2 روپے اضافے سے144 کا ہوگیا،مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا،ماہرین معیشت

251

اسلام آباد (رپورٹ: میاں منیر احمد ) تحریک انصاف کی حکومت کو آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ذریعے چلایا جارہا ہے ،آئی ایم ایف سے معاشی پیکج کے معاہدے سے قبل روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت بڑھ جانے سے ملک کا معاشی نظام عالمی ساہو کاروں کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے اسٹیٹ بینک کی سربراہی کے لیے رضاباقر کی تعیناتی سے اب روپے کی قدر آئی ایم ایف کی خواہش پر تبدیل ہوگی ،حکومتی اداروں کی اصلاحات کے لیے بنائے جانے والے منصوبے میں بھی عالمی بینک کی مداخلت کا عمل جاری ہے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں اصلاحات پروگرام کے لیے متعدد ملازم عالمی بینک کی خواہش پر تعینات کیے گئے ہیں جو معذور افراد کی بحالی کے لیے بنائی گئی نیشنل کونسل برائے بحالی معذوراں سمیت ان تمام اداروں کے بارے میں حکام سے کوائف مانگ رہے ہیں جنہیں ختم کرنے کی سفارش اصلاحاتی منصوبے میں کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 144 روپے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر 3 روپے مہنگا ہوا۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں ہونے والی مسلسل کمی باعث تشویش ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کے بعد ماہرین معاشیات نے ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس حوالے سے حال ہی میں ایک رپورٹ بھی سامنے آئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ آئی ایم ایف سے بیل آوٹ پیکج ملنے کے بعد پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔کچھ ماہرین معیشت نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آئی ایم ایف سے بیل آوٹ پیکج ملنے کے بعد پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں 160 روپے تک جا سکتی ہے۔تاہم اس حوالے سے صورتحال آنے والے دنوں میں واضح ہوگی جبکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ممکنہ معاہدے کے خوفناک اثرات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ آئی ایم ایف سے ممکنہ معاہدے کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک ہفتے کے دوران 3 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ روز جمعہ کو کاروباری روز کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر پاکستانی کرنسی روپے کے مقابلے میں 50 پیسے تک مہنگا ہوا تھا جبکہ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر سے 2 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت 144 روپے ہو گئی ہے۔