قوم کو امپورٹڈ حکیمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، ڈاکٹر طارق سلیم

121

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور تحریک انصاف ایک ہیں جن کی تمام ترکوششیں پاکستانی عوام کو عالمی استعمارکا غلام بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں، قوم کو امپورٹڈ حکمرانوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے، ملک کو مسائل کے منجدھار سے نکالنے کے لیے قوم کو جماعت اسلامی کی دیانت دار اور اہل قیادت کی ضرورت ہے۔ قاسم آباد میں عمائدین کے اعزاز میں منعقدہ افطار پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھنے والے نااہل حکمران عوام کے ساتھ غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ بیرونی آقائوں کی ڈکٹیشن پر اہم اداروں میں تقرریاں ملکی سلامتی سے کھلواڑ ہے، 700 ارب کے نئے ٹیکس لگانے سمیت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز مسائل میں پسے عوام پر ظلم کی انتہا، ڈالر پر حکومتی کنٹرول ہٹانے اور ملکی اداروں کی نجکاری جیسی شرائط بدترین غلامی ہوگی۔ سابقہ حکومتوں نے قرض لیے، کا رونا رونے والے تحریک انصاف کے نااہل حکمران وزرا کی فوج اور اپنی عیاشیاں کم کرنے کے بجائے آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات پر خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں۔