پاکستان کی اصل قوت اور مستقبل نوجوان ہیں،چودھری عمرفاروق

96

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہاہے کہاامت مسلمہ خاص طور پر پاکستان کی اصل قوت اور مستقبل نوجوان ہیں ۔کسی بھی معاشرے میں حقیقی تبدیلی کا سر چشمہ نوجوان ہوتے ہیں،قیام پاکستان کی تحریک میں نوجوانوں کے کردار سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔خود حضور خاتم الانبیاؐ پر پہلے پہل ایمان لانے والے سب نوجوان تھے اور آپ کے گرد اکثر نوجوانوں کا مجمع لگا رہتا تھا۔ جماعت اسلامی کی بنیاد رکھنے والے تاسیسی ارکان کی اکثریت نوجوانوں کی تھی۔اس لیے نوجوانوں کو ملک میں حقیقی تبدیلی اور ملک و قوم کو مسائل کو مصائب کی موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے رہبر و رہنما حضرت محمد ؐ سے لو لگانا اور قرآن و سنت کو اپنا رہنما بنانا ہوگا۔ملک و قوم کو اپنے نوجوانوں پر بڑا فخر ہے۔اس وقت امت کے اندر 60 سے 65 فیصد نوجوان ہیں جو ایٹم بم سے بھی زیادہ بڑی قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے ملک میں تبدیلی کے لیے بڑی کوشش اور جدوجہد کی ہے،کبھی ایک اور کبھی دوسرے کنٹینر پر اور کبھی کسی لیڈر کے زندہ باد اور کبھی دوسرے کے مردہ باد کے نعرے لگائے مگر ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری مسلسل بڑھتی رہی۔ لاکھوں نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجود روز گار سے محروم ہیں۔ان حالات میں تبدیلی کاصرف ایک ہی راستہ اور ذریعہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو قرآن و سنت کے احکامات کے تابع کرلیں اور ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کے لیے جدوجہد کو اپنا مقصد زندگی بنا لیں۔قوم کو جھوٹے نعروں اور وعدوں کے پیچھے بھاگنے اور پریشانیاں اور مصیبتیں اٹھانے کے باوجود کچھ ہاتھ نہیں آیا۔قوم کی تقدیر صرف قرآن و سنت کے نظا م سے بدل سکتی ہے اس لیے نوجوانوں کو رمضان المبارک میں سچے دل سے تائب ہوکر اپنے پروردگار کی چوکھٹ پرجھکنا اور ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کو بدلنے کے لیے نوجوان میدان میں نکلیں گے اور قوم کی قیادت کریں گے۔