عمران خان سرکس کے کنویں سے زیادہ یوٹرن لے چکے،ڈاکٹرطارق سلیم

108

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ عمران خان اورتحریک انصاف کی حکومت ملک کیلیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے،اتنے یوٹرن سرکس کے کنوئیں کافنکارنہیں لیتا جتنے یوٹرن عمران خان لے چکے،آئی ایم ایف کے پاس جانے سے بہترخودکشی کو ترجیح دینے والے آج عالمی سودی ساہوکارکی غلامی پرقوم کوخوشحبریاں سنارہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں ذمے داران کے اجلاس اورشب بیداری کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمدعثمان آکاش، سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان اورڈائریکٹر تعلقات عامہ محمداطہرشیخ بھی شریک تھے۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ حکمرانوں کی اصلاح کے بجائے ان میں مزید بگاڑپیداہورہا ہے آئی ایم ایف نجکاری کے نام پر ملکی اداروں کوہتھیانے کے بعد ایٹمی صلاحیت کے درپے ہوگا، عوام کو امپورٹیڈ حکمرانوں کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑ سکتے،عیدکے بعد امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی رہنمائی میں خیبرسے کراچی،چترال کے پہاڑوں سے لے گوادرکے ساحل تک جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کوساتھ لے کر نکلیں گے اوراپنے پاؤں اللہ کے راستے میں گردآلود کریں گے،بددیانت اورنااہل حکمرانوں کے خلاف صدائے احتجاج بھی بلند کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف گزشتہ چارپانچ برسوں سے جس قابل ٹیم کا ذکرکرتی رہی معلوم نہیں وہ کہا ں ہے عوام توآگاہ ہیں کہ آئی ایم ایف اورورلڈبنک سمیت بیرونی دنیا سے وزرا بھی امپورٹ ہورہے ہیں اوراہم اداروں کے سربراہان بھی بیرونی آقاؤں کے حکم پرمقررہورہے ہیں۔ عوام نے ن لیگ،پی پی،اورتحریک انصاف سمیت سب کوآزما لیا اب امیدصرف جماعت اسلامی کی دیانتداروقابل قیادت ہے جواسلامی نظام کے ذریعے مسائل کوحل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔