حکومت فوری طور پر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں کمی کرے

79

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیرعمران رشید،جنرل سیکرٹری رانا محمداقرارنے کہاہے کہ حکومت نے اپنے غریب عوام کے مفاد کو پس پشت ڈال کر آئی ایم ایف کے کہنے پر مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کردیا ہے جس سے عام آدمی پریشان ہے،حکمران آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پرتو عمل کرتے ہیں مگر اللہ اور رسولؐ کے احکامات کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔معیشت سودی قرضوں سے بحال نہیں ہوگی۔ معاشی تنگ دستی سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسول ؐ سے جنگ بند کردی جائے اور سودی معیشت سے تائب ہوکر اسلام کے زکوٰۃ و عشر کا پاکیزہ نظام اپنایا جائے۔رمضان المبارک ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بن جائو گے تو تمھاری تمام پریشانیاں ختم ہوجائیں گی۔ رمضان قرآن کے نزول کا مہینہ ہے،قوم اس ماہ مبارک میں عہد کرے کہ ملک میں قرآن کے نظام کے نفاذ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ معاشرے سے شرافت کا کلچر اٹھتا جارہا ہے،جب حکمران شریفانہ زبان کے بجائے گالی کلچر پر اتر آئیں تو اس کا اثر معاشرے پر پڑتا ہے۔عمران رشید نے کہا کہ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔آٹا چاول گھی چینی اور دالوں کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کی مشکلات اور پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض تھا کہ عوام کو ریلیف دیتی مگر حکمران بے حسی اور لاپروائی کی تمام حدیں پھلانگ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی سے جو توقعات اور امیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں۔جتنی جلدی موجودہ حکومت ناکام ہوئی ہے ملکی تاریخ میں کوئی دوسری حکومت ناکام نہیں ہوئی۔حکمرانوں نے پہلے بلند و بانگ دعوے اور وعدے کیے اور اب عوام کو روزانہ صبر کی تلقین کررہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں کمی کرے اور رمضان میںعوام کو ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔