ڈالر چار فیصد مزید مہنگا،ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

430

کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 4 فیصد مہنگا ہو کر 147 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔

انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 146 اور قیمت فروخت 147 روپے دیکھی گئی۔کاروباری لین دین کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 5.61 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد وہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 666 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ مارچ کے اختتام پر پاکستان کے بیرونی قرضوں کا حجم 105 ارب ڈالر تھا ۔

روپے کی قدر کم ہونے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی منفی رجحان ہے جہاں 100 انڈیکس 325 پوائنٹس کمی سے 33 ہزار 965 کی سطح پر آگیا۔

واضح رہےکہ حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدے سے قبل ڈالر کی قدر 141 سے 142 روپے کے درمیان تھی اور آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر کی قدر میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔