دنیا میں وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنی زبان کو اہمیت دیتی ہیں

122

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ نے سینیٹ میں سی ایس ایس امتحانات اردو زبان میں لینے کی قرار داد کی منظوری کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نفاذ اردو کے حوالے سے فوری طور پر دستور کی دفعہ 251پر من وعن عمل در آمد کروائے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے 21مارچ 1948ء میں ڈھاکا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اردو کو سرکاری زبان قرا ر دیا تھا۔ 1973ء کے آئین کے تحت پندرہ برسوںمیں اردو کو قومی، دفتری اور سرکاری زبان کے طو ر پر نافذ کیا جانا چاہیے تھا جبکہ صورتحال یہ ہے کہ آج اس مدت کو ختم ہوئے بھی تین دھائیاں گزر چکی ہیں مگر کسی بھی دور حکومت میں اس اہم قومی مسئلے پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اردو زبان کو زندہ رکھنا ہے تو پھر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا نفاذ کرنا ہوگا۔ ابتدائی سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک تعلیم مکمل طور پر قومی زبان میں ہونی چاہیے، جبکہ کسی دوسری زبان کی تدریس کو ثانوی حیثیت حاصل ہونی چاہیے مگر المیہ یہ ہے کہ انگریزی نے قومی زبان کی جگہ لے لی ہے۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ نے کہا کہ اگر ہم نے اردو کے نفاذ کی طرف توجہ نہ دی تو ہم اپنے بہت بڑے تہذیبی، ثقافتی، ادبی اور مذہبی سرمایے سے جو اردو زبان میں ہے،اس کی اصل روح سے دور ہوجائیںگے۔دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک نے اپنی زبان کو اختیار کرکے ہی ترقی حاصل کی ہے۔ چین، جرمنی، روس،فرانس، ترکی کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ دنیا میں صرف وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنی تہذیب و ثقافت کو محفوظ اور زبان کو اہمیت دیتی ہیں، جن قوموں کی اپنی قومی و لسانی شناخت نہیں ہوتی وہ اپنا قومی وقار کھو بیٹھتی ہیں۔